مریم نواز فوج کے خلاف خونی بیانات دے رہی ہیں، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز فوج کے خلاف خونی بیانات دے رہی ہیں۔ شہباز شریف تھوڑی بہت کوشش کرتے ہیں لیکن مریم ان کی کوشش پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں۔ 

 

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ مریم نواز اداروں کے خلاف جو بیانات دے رہی ہیں وہ غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ فوج جمہوریت کے ساتھ ہے اس کے خلاف غیرذمہ دارانہ زبان استعمال کرنے والے اپنے لئے مسائل پیدا کر رہے ہیں ۔

 
انہوں نے کہا کہ یہ آج جہاں ہیں اس کی ذمہ دار مریم نواز ہیں اور کل یہ سیاست سے فارغ ہوں گے اس کی ذمہ دار بھی وہی ہوں گی جبکہ شہباز شریف تھوڑی بہت کوشش کرتے ہیں لیکن مریم ان کی کوشش پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں اور نواز شریف کا وقت گزر گیا ہے۔

 
شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کی مدد کرنا فوج کی ذمہ داری میں شامل ہے اور کچھ بھی ہو پاکستان کے حساس اداروں کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا ہے ۔ الیکشن کے قریب پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی نئی صف بندی دیکھ رہا ہوں اور میں عمران  خان کے ساتھ آیا تھا عمران خان کے ساتھ جاوں گا جبکہ پنڈورا لیکس کے ذمہ داران کے خلاف وزیراعظم انکوائری کا کہہ چکے ہیں۔ پنڈورا لیکس میں 2زمان پارک کو ملوث کرنے کی ناکام کوشش کی گئی اور پنڈورا لیکس میں جو بھی ملوث پایا گیا ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔

 

وزیر دا خلہ کا کہنا تھا کہ ثابت ہو گیا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان منسوخی میں بھارت ملوث تھا۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لیے کوشش کی ہے لیکن اس کا صلہ نہیں ملا۔ افغانستان میں امن ہو گا تو خطے اور پاکستان میں امن ہو گا اور کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا علم نہیں ہے۔

 

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کو منصوبہ بندی کے تحت بدنام کیا جا رہا ہے اور مرے ہوئے لوگوں کی ویکسی نیشن کی خبریں آ رہی ہیں جبکہ این سی او سی کو دنیا بھر میں کارکردگی کے باعث پذیرائی حاصل ہے۔

 

وزیر داخلہ نے بلوچستان میں زلزلے سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج اور دیگر امدادی ادارے متاثرہ اضلاع میں مصروف عمل ہیں اور جو کچھ ممکن ہوا وہ کریں گے۔ 

armyMaryam NawazNaibaatPakistanSheikh Rasheed