آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت کا ہی بگل بجے گا، حمزہ شہباز

بہاولپور: حمزہ شہباز شریف نے کہا آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے اور 2023 کے الیکشن میں ہماری پارٹی کی جیت کا ہی بگل بجے گا۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ لیگی کارکنوں نےاپنےقائدین کیلئےجیلیں کاٹی ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکن جھکنے اور بکنے والے نہیں جبکہ آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے اور 2023 کے الیکشن میں ہماری پارٹی کی جیت کا بگل بجے گا اور عوام کو مشکل سے نکالیں گے جبکہ ان کی محرومیاں دور کریں گے کیونکہ پی ایچ ڈی کرنیوالے کئی افراد بے روزگار ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھر کی بات کی جاتی ہے اور غریب کا گھر گرایا جاتا ہے لیکن اب پوری قوم مسلم لیگ (ن) کی راہ تک رہی ہے کیونکہ (ن) لیگ نے ملک کو اندھیروں سے نکالا اور کسانوں کو خوشحال کیا لیکن اس نااہل حکومت کی وجہ سے کسان اور مزدور طبقہ پریشان ہے۔ حکومت نے گزشتہ 3 سال میں ایک اینٹ نہیں لگائی اور اب عمران خان صبح اٹھ کر کہتے ہیں (ن) لیگ کیخلاف کوئی کرپشن کیس لاؤ۔

حمزہ شہباز نے کہا موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھائے لیکن اب مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے گزشتہ 3 ماہ میں پٹرول 21 روپے مہنگا ہوا اور ان ہی تین مہینوں میں 7 بار پٹرول کی قیمت بڑھائی گئی

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز جنوبی پنجاب کے دورے پر ہیں ۔ اس موقع پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

راجن پور سے سابق ڈپٹی اسپیکر شیر علی گورچانی پاکستان مسلم لیگ نواز میں شامل ہو گئے جبکہ ملتان سے 3 بار پیپلزپارٹی کے ایم پی اے رہنے والے اسحاق بُچہ نے بھی مسلم لیگ نواز میں شمولیت اختیار کر لی۔

خانیوال سے سابق ایم این اے افتخار نذیر اور ایم پی اے جمیل شاہ نے مسلم لیگ نواز میں شمولیت اختیار کی، مظفر گڑھ سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اخترعلی گوپانگ بھی مسلم لیگ نواز میں شامل ہو گئے۔ حمزہ شہباز کے دورے کے موقع پر بریگیڈئیر ریٹائرڈ قیصر مہے نے بھی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ElectionHamza ShahbazNaibaatPMLN