پاکستان میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد روزانہ کی بنیاد پر بڑھنے لگی

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس اور ڈینگی انسانی صحت کے دشمن بن گئے ۔ ملک بھر میں ڈینگی کی سرگرمیاں تیز ہوگئیں ، مریضوں کی تعداد روزانہ کی بنیاد پر بڑھنے لگی ۔

پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 173 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، لاہور سے 125 ، راولپنڈی 26 ، فیصل آباد میں 2 مریض رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 304 مریض زیر علاج ہیں ۔

رواں سال پنجاب سے اب تک ڈینگی کے 2,013 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں ۔ اسلام آباد میں 54 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ، مریضوں کی تعداد 463 ہوگئی ۔ خیبرپختونخوا میں 102 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، مجموعی تعداد 1 ہزار 558 ہو گئی ۔

محکمہ صحت کے پی کے مطابق ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 153 ہوگئی ۔

نیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سی ڈی سی پنجاب ڈاکٹر شاہد مگسی نے کہا کہ ڈینگی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور ہسپتالوں میں بھی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ ڈینگی ٹیسٹ مہنگا ہونے سے متعلق ڈاکٹر شاہد مگسی نے بتایا کہ حکومت نجی لیبارٹریز کو بھی آن بورڈ کر رہی ہے ۔

ادھر ، سیکرٹری محکمہ صحت ، عمران سکندر بلوچ کی ہدایت پر پنجاب بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہے ۔ محکمہ صحت کی صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے کاروائیاں جاری ہیں ۔

daily basisDengue patientsNCOCPakistanPTI government