لاہور: شہر میں ڈینگی کا راج ، تین روز میں 3 سو سے زائد ڈینگی کے کنفرم مریض رپورٹ ہوچکے ہیں ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کے باوجود سی ای او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر پرویز اقبال اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیصل تین روز سے دفتر سے غائب ہیں ۔
افسران نہ ہونے کے باعث سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی صفر ہو گئی ، سی ای او ہیلتھ لاہور پرویز اقبال نجی مصروفیت کے باعث چھٹیوں پر ہیں ۔
دوسری جانب ، راولپنڈی شہر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 32 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے ہیں ۔ راولپنڈی میں ابتک مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد 303 ہوگئی ۔ ہولی فیملی میں 18 جبکہ بینظیر بھٹو ہسپتال میں 14 مریض لائے گئے ۔
ادھر ، پاکستان میں کورونا نے مزید 56 افراد کی زندگیوں کے چراغ گُل کر دیئے جس کے بعد اموات کی تعداد 27 ہزار 785 ہو گئی ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق ایک ہزار 411 نئے کیس رپورٹ ، 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 49 ہزار 49 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 3 ہزار 649 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔
این سی او سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مثبت کیسز کی شرح 2.87 فیصد رہی ، کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 46 ہزار 538 ہوگئی ۔