پی ٹی آئی کی بڑی غلطی پہلے سال بلدیاتی انتخابات نہ کرانا ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی بڑی غلطی پہلے سال بلدیاتی انتخابات نہ کرانا ہے ۔ لوکل حکومتوں کی سب سے بڑی مخالفت وزرائے اعلیٰ کی جانب سے آرہی ہے ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مضبوط لوکل گورنمنٹ کی موجودگی پر یقین رکھتے ہیں ۔ بادشاہت سے جمہوریت کی جانب سفر درجہ بدرجہ طے پایا ، ماڈرن جمہوریت میں بادشاہ کا اختیار کم ہوتا گیا ۔ لوکل گورنمنٹ میں حکومتوں کو نیچے سے اوپر دیکھنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی کے مسائل کیسے حل ہو سکتے ہیں ۔ ہمارے ارکان اسمبلی پولیس اور پٹواری سے آگے دیکھنے کو تیار نہیں ۔

فواد چودھری نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد اختیارات مرکز سے صوبوں کو دیئے گئے ۔ این ایف سی کے مطابق پیسے صوبوں کو منتقل کیے جاتے ہیں ، صوبے ملنے والے پیسوں کو اضلاع تک نہیں پہنچاتے ۔ پیسے نہ ملنے سے بہت سے اضلاع ترقی نہیں کر پاتے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں شہباز شریف نے بہت سے اضلاع کا پیسہ صرف لاہور پر خرچ کیا ۔ لاہور میں میگا پراجیکٹ بنائے گئے اور پیسے دیگر اضلاع کے استعمال ہوئے ۔ آرٹیکل 148 کے نفاذ کا نہ ہونا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔

big mistakeFawad Chaudhryfirst yearImran Khanlocal body electionsPML-NPTI