جب موٹر وے سائن ہو رہی تھی اس وقت ایون فیلڈ اپارٹمنٹ خریدے جا رہے تھے: فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جب موٹر وے سائن ہو رہی تھی اس وقت ایون فیلڈ اپارٹمنٹ خریدے جا رہے تھے ۔ عمران خان موٹر وے کے خلاف نہیں بلکہ اس میں ہونے والی کرپشن کیخلاف تھے ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ بہت سے لوگ کہتے ہیں عمران خان سڑکوں کی تعمیر کیخلاف تھے ، عمران خان سڑکوں کے نہیں کرپشن کے خلاف ہیں ، سڑکوں کے نام پر بہت بڑی کرپشن کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ سڑک کے بغیر ترقی کا سفر مکمل نہیں ہوسکتا ، مسلم لیگ (ن) نے شاہراہوں کی تعمیر کے نام پر بہت زیادہ کرپشن کی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں ہم مافیا کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔ ہماری حکومت نے 10 بلین قرضوں کی مد میں واپس کئے ہیں ، قرضے واپس کرنے کیلئے ہم قرضے لیتے ہیں ، اس سے قیمتیں اوپر جاتی ہیں ۔ ابھی بھی قرضوں کے پہاڑ پاکستان پر موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شریف اور زرداری فیملی نے پیسہ پاکستان سے لیا اور اسے باہر منتقل کیا ۔ 25 ارب روپے شہباز شریف کے خاندان کے اکاؤنٹس میں آئے ۔ یہ پیسے ان لوگوں کی طرف سے اکاؤنٹس میں آئے جو بے نامی تھے ۔

Avenfield apartmentsFawad ChaudhrymotorwayPML-NPTI