نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کریں گے، فواد چوہدری

جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گذار رہے ہیں، ایک دوبئی میں اور دوسرا لندن میں مفرور ہے،جو لوگ اپنی مٹی کے ساتھ جڑے نہ ہوں تو اس طرح کی زندگی گذرنا ان کا مقدر ہوتی ہے، نواز شریف اور اشرف غنی دونوں ڈالروں کے بیگ بھر کر بیرون ملک فرار ہیں۔نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کریں گے.

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کے دلوں کی ترجمانی کی، افغانستان یا کشمیر کا معاملہ، غریب ملکوں سے لوٹی گئی دولت امیر ممالک کو منتقلی یا ماحول کا معاملہ ہو، عمران خان نے ہر سطح پر پاکستان کے ہر فرد کے دل کی ترجمانی کی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران جس طرح کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے رکھا، نریندر مودی کو للکارا، ایسا پاکستان میں پہلے کبھی نہیں ہوا،جب کلبھوشن یادیو پکڑا گیا، ممبئی واقعات ہوئے اور الزام لگا کہ ایک پاکستانی نے ممبئی حملوں میں حصہ لیا،اس شخص کا کسی سیکورٹی ایجنسی اور فوج سے کوئی تعلق نہیں تھا لیکن عالمگیر سطح پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کی گئی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نیب کے ملزم ہیں، کیا ہم چورسے پوچھیں گے کہ آپ کا تفتیشی کون ہوگا؟ یہ طے ہے کہ نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کریں گے۔

 

اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عالمی لیڈرشپ اس وقت عمران خان کو دیکھ رہی ہے یہ ان کوجیلسی ہے۔ انہوں نے اگلے پانچ سال بھی ایسے روتے ہوئے گزارنے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی بکھر گئی ہے، ان کے پاس ٹکٹ لینے والے امیدوار نہیں، انہوں نے پانچ، پانچ کروڑ آفردی ہماری ٹکٹ پر الیکشن لڑیں، مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کا یہ آخری الیکشن ہوگا، عمران خان ایک مرتبہ پھر جیت کرحکومت بنائیں گے۔

 

چوہدری فواد حسین نے کہاکہ بلوچستان میں کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا تو نواز شریف نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا،انہوں نے قومی دولت لوٹنے، نریندر مودی کو شادیوں پر بلانے کے علاوہ کبھی کوئی تعمیری کام نہیں کیا، انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں وفاق کی نمائندہ جماعت تحریک انصاف ہے، عمران خان کا ووٹ ہر جگہ موجود ہے، یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ وفاق کو جوڑنے والا لیڈر ہمارے پاس موجود ہے، تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں بھی دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی، ن لیگ اور پی پی پی بکھر گئی ہیں، ن لیگ اور پی پی پی کا ٹکٹ لینے والا بھی کوئی نہیں ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہاکہ بلاول بھٹو نے جنوبی پنجاب کے دورہ کے موقع پر لوگوں کو پانچ پانچ کروڑ روپے کی آفر کی کہ ہمارے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں،فواد چوہدری نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا یہ آخری الیکشن ہو گا اس کے بعد یہ الیکشن لڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہونگے ۔عمران خان اور تحریک انصاف بڑی اکثریت سے حکومت بنانے جا رہے ہیں ۔

Ashraf GhaniElection 2023Fawad ChaudaryNawaz SharifPMIKPTI