کھیل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں مگر اب نہ صرف تعلق بن رہا ہے بلکہ کھیل پر سیاست حاوی ہونے لگی ہے اٹھارہ برس کے وقفے کے بعد نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پرآئی ابتدا میں تو کھیل بالادست رہا لیکن راولپنڈی میچ سے چند لمحے قبل کھیل کو شکست اور سیاست کو برتری مل گئی جس کے نتیجے میں ٹاس سے قبل نیوزی لینڈ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سیریز کی منسوخی کا غیر معمولی فیصلہ سنا دیا فیصلے پر کرکٹ شائقین ابھی تک حیرت زدہ اور غم زدہ ہیں یہ کھیل پر سیاست کا ایسا کاری وار تھا کہ عمران خان کی طرف سے اپنی نیوزی لینڈ کی ہم منصب وزیرِ اعظم جیسنڈاسے ٹیلی فون پر گفتگو کے باوجود تبدیلی نہ آئی اور غلط فیصلے پر اڑ جانے سے خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ عالمی طاقتیں کھیل کومفادات کی بھینٹ چڑھادیں گی کیونکہ نیوزی لینڈنے دورے کی منسوخی اپنے ملک یا کسی عالمی سکیورٹی ایجنسی کے کہنے پر نہیں کی نہ ہی کرکٹ ٹیم کے کپتان یا کسی کھلاڑی یا نیوزی لینڈ کرکٹ کے سربراہ نے ایسی کوئی تجویز دی ہاں البتہ پانچ ملکوں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ پر مشتمل دفاعی اتحاد eye five سیریز کی منسوخی کامحرک بناہے اِس اتحاد میں شامل تمام ممالک سے نیوزی لینڈ سب سے چھوٹاملک ہے جس نے چار وں بڑے ممالک کہنے پر پر کھیل کے میدان سے راہِ فرار اختیار کی ہے لیکن ایسے فیصلوں سے کھیل جیسی صحت مندانہ سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں اور عین ممکن ہے اگلے مرحلے میں جس طرح آسٹریلیا اور برطانیہ نے پاکستان کا دورہ کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے شائقین کو ویسٹ انڈیز وغیرہ کی طرف سے بھی ایسا فیصلہ سامنے آئے ایسا ہواتو یہ کھیلوں کو محدود کرنے اور صحت مندانہ سرگرمیوں پر قدغن کے مترادف ہوگا۔
پاکستان میں امن بڑی حد تک بحال ہوچکا ہے یہ جو اِکا دُکا واقعات ہورہے ہیں اُن کے پسِ پردہ بھی غیر ملکی ہاتھ ہے ثبوت افغانستان سے انخلا کے دوران دنیا بھر کے سفارتکاروں، سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کا جانیں بچانے کے لیے پاکستان کا رختِ سفر باندھنا ہے کیونکہ یہاں زندگی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ رواں دواں ہے وگرنہ سفارتکار،فوجی اور سویلین پناہ کے لیے پاکستان ہر گز نہ آتے پھر کیوں نیوزی لینڈ نے ایک پُر امن ملک کا عالمی تشخص مجروح کرنے کی کوشش کی یہ جاننا مشکل نہیں بھارت نے امریکہ اور برطانیہ کا چہیتا ہونے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے پاکستان کو غیرمحفوظ ملک ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ اور سیریزکی منسوخی کی وجوہات واضح ہیں بھارت کی سازشوں اور عالمی قوتوں کی سرپرستی سے کرکٹ سیریز منسوخ ہوئی ہے پاکستان نے بمع ثبوت واضح کردیا ہے کہ 21 اگست کو بھارتی اخبار سنڈے گارڈین کے بیوروچیف ابی نندن مشرا نے اپنے لکھے گئے آرٹیکل میں خدشہ ظاہر کیا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے
دورے کے دوران دہشت گرد حملے کا سامنا ہو سکتا ہے مگر دورہ منسوخ نہ ہوامگر بظاہر اسی آرٹیکل سے سازشوں کا مرکزی خیال لیا گیااور دھمکیاں دینے کے سلسلے کا آغاز ہوا کیوی ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹل کوممبئی میں بنی میل سے اہلیہ کے ذریعے قتل کی دھمکی دی گئی پھر دونوں ٹیموں کے ٹاکرے سے قبل احسان اللہ احسان نامی شخص کی جعلی فیس بک آئی ڈی بناکرلوکیشن سنگاپور کی دکھائی گئی جس کا منبع بھارت ہے لیکن مہمان ٹیم نے سکیورٹی تھریٹ کی تفصیلات سے میزبان ملک کو آگاہ کرنے کے بجائے بھاگنے کو ترجیح دی حالانکہ مہمان ٹیم کو میزبان ملک اتنی سکیورٹی دیتا ہے جتنی بقول شیخ رشید نیوزی لینڈ کے پاس فوج نہیں اب ویسٹ انڈیز کو جعلی دھمکی ملنے کا بھی خدشہ ہے ایسی ہی من گھڑت دھمکی آسٹریلیا کوبھی مل سکتی ہے تاکہ کھیل کے میدان سے بھاگنے کے بہانے پیش کیے جا سکیں سرِ دست نیوزی لینڈ ٹیم کے حوالے سے مقدمہ درج کرکے ایف آئی اے حکام نے انٹرپول سے تحقیقات کے لیے رابط کیا تو معلوم ہوا کہ جعلی ای میل ایڈریس حمزہ آفریدی کے نام پر بنا نے کے تیرہ منٹ بعد دھمکی آمیز ای میل بھیج دی گئی جس سے یہ سمجھنا دشوار نہیں کہ یہ سب کچھ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہوانیزحمزہ آفریدی کا نام پاکستان سے تعلق جوڑنے کے لیے استعمال کیا گیا۔
عالمی سطح پر اسلحے کی تجارت فروغ پا رہی ہے کئی دہائیوں سے اسلحے کی تجارت پر چند ممالک کی اجارہ داری ہے مگرپاکستان بھی کچھ عرصہ سے ایک نیا حصہ دار بن کر معیاری اور سستے داموں لڑاکا طیاروں سے لیکر ٹینک،توپیں و دیگر ہتھیار فروخت کرنے لگا ہے دنیا کے واحد ایٹمی اسلامی ملک کی معیشت مضبوط ہو اور اُس کے عالمی کردار میں اضافہ ہوکچھ عالمی طاقتیں ایسا نہیں چاہتیں وہ پاکستان کو معاشی طور پر لاغر رکھناچاہتی ہیں اسی لیے کبھی غیر محفوظ جوہری ہتھیاروں کا ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے اور کبھی داعش اور القاعدہ کے منظم ہونے اور طاقت پکڑنے کی باتیں کی جاتی ہیں حالانکہ امر واقعہ یہ ہے کہ پاکستان سے زیادہ بھارت میں مذہبی انتہا پسندی ہے پھر بھی کسی عالمی قوت کوپریشانی نہیں کیونکہ وہ غیر مسلم ہے ابھی حال ہی میں ارجنٹائن کی طرف سے پاکستان سے بارہ جے ایف تھنڈر طیارے خریدنے کے لیے آمدہ بجٹ میں 660 ملین ڈالر مختص کرنے کی خبر برطانیہ پر بجلی کی مانند گری ہے اور وہ چاہتا ہے کہ کوریا کی طرح پاکستان بھی ارجنٹائن کوطیاروں کی فراہمی منسوخ کر دے کیونکہ ارجنٹائن اور برطانیہ کے تعلقات خاصے کشیدہ ہیں اسی لیے وہ حریف ملک کو دفاعی لحاظ سے مضبوط دیکھنا نہیں چاہتا یہی ناراضی وہ پاکستان کے کھیل کے میدان بے آباد کرنے تک لے آیا ہے۔
مارگریٹ تھیچر کے بعد برطانیہ نے آزاد خارجہ پالیسی چھوڑکر امریکی خوشنودی حاصل کرنا ہی حرزِ جاں بنا لیاہے جو افغانستان سے ملنے والی ناکامی اور عجلت میں انخلا کو پاکستان کی سازش قرار دیتا ہے حالانکہ انخلا کے دوران پاکستان نے جس طرح غیر ملکی فوجی اور سویلین کو نکالنے میں سفارتی و عملی مدد کی وہ دوستانہ تقاضوں سے بڑھ کر ہے مگر امریکی رنجش ختم نہیں ہوئی پاکستان کے خلاف سازشوں میں امریکہ،برطانیہ اور بھارت ایک ہیں اور آجکل ایشیا میں بھارت نہ صرف امریکہ اور برطانیہ کا چہیتاہے بلکہ دونوں ملک مشترکہ طور پر بھارت کو چین کے مقابلے پر لانے کے لیے اسلحہ سے لیس کر رہے ہیں حالانکہ بھارت اِس کی سکت نہیں رکھتاfive eye کے ممبران آسٹریلیا، برطانیہ اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کی آمد سے معذرت دراصل پاکستان کو چین کا ساتھ دینے، روس سے راہ و رسم بڑھانے اور عالمی منڈی میں ہتھیاروں کی فروخت میں حصہ دار بننے کی سزا ہے لیکن کھیل کے شائقین کو صحت مندانہ تفریح سے محروم کرنا ہر حوالے سے غلط ہے اگر کھیل پر اسی طرح سیات حاوی رہی تو پاکستان ہتھیاروں پر لگنے والی پابندیوں کی طرح جس طرح خودکفالت کی منزل حاصل کے قریب آگیا ہے کھیل کے حوالے سے بھی دیگر آپشن کی طرف جا سکتا ہے وسطی ایشیائی ممالک سے کرکٹ کے فروغ کے معاہدے ثابت کرتے ہیں کہ پاکستان آزادانہ فیصلے کرنے میں دشواری محسوس نہیں کررہا مگرکھیل پر سیاست ایک بزدلانہ فیصلہ ہے اِس لیے طاقتور ہونے کے مرض میں مبتلا ممالک کو اپنے طرزِ عمل پر نظر ثانی کرنی چا ہیے۔