نیوزی لینڈ ،انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے انکار کے بعد افغان کرکٹ بورڈ اِن ایکشن 

کابل : افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عزیز اللہ فاضلی نے کہا کہ وہ رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں پاکستان ٹیم کو ون ڈے سیریز کے لیے میزبانی کی پیشکش کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے بھی عزیز اللہ فاضلی کے دورے کی تصدیق کی ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عزیز اللہ فاضلی نے  غیر ملکی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  وہ 25 ستمبر سے پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ بھارت، بنگلادیش اور متحدہ عرب امارات جائیں گے جہاں وہ کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کریں گے جس میں وہ پاکستان کو اس سیریز کی میزبانی کی پیشکش کریں گے جو ستمبر میں سری لنکا میں کھیلی جانی تھی۔

افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ ہم افغانستان میں مستحکم کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں جو دیگر ممالک کے تعاون سے ممکن ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں  کورونا وبا اور لاجسٹک مسائل کی بنا پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان ستمبر میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز منسوخ کردی گئی تھی، دونوں ممالک کے درمیان یہ سیریز 2023 کے ورلڈکپ میں کوالیفائی کے لیے ون ڈے لیگ کا حصہ تھی۔

National Cricket TeamPakistan Afghan Cricket BoardPakistan PCBPSL