نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی کی بنیاد صرف ایک جھوٹی خبر بنی، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخی کی بنیاد صرف ایک جھوٹی خبر بنی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لیڈرز ان اسلام آباد سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا انسان کسی نہ کسی جگہ جانبداری کا مظاہرہ کرتاہے اور ہم یہ سمجھ رہے تھے کہ امریکہ ویتنام کی جنگ سے سبق سیکھ چکا تھ۔ کوئی بھی قوم صرف وسائل کے بنیاد پر ترقی نہیں کر سکتی اور انسانی تاریخ کی ابتدا میں ابلاغ انسانوں کے درمیان تعلقات کی بنیاد بنا اور انسانی حقوق کا لیکچر دینے والے مہاجرین کو سمندر میں ڈوبنے دیتے ہیں تاہم پاکستان نے افغان مہاجرین کو پناہ دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی میں جھوٹی خبر بنیاد بنی اور ہمیں کہا جا رہا تھا کہ قوم ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کرے گی تاہم کورونا کے دوران دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی مضبوط قوم ہیں ۔

اس سے قبل اسلام آباد میں وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے تمام تفصیلات سے میڈیا کو آگا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہائبرڈ وار اور ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے۔ فیک نیوز کے کھیل ریاستیں کھیل رہی ہیں لیکن لوگوں کو لگتا ہے فیک نیوز سے فرق نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ 19 اگست 2021ء کو احسان اللہ احسان کے نام سے فیس بک پر پوسٹ بنائی گئی، اس پر لکھا گیا نیوزی لینڈ ٹیم آئی تو حملہ کیا جائے گا۔ اس فیک پوسٹ پر ابھی برطانوی اخبار کے ساتھ منسلک ایک بھارتی نژاد صحافی ابھینندن مشرا نے آرٹیکل لکھا۔ اسی صحافی کے امر اللہ صالح کے ساتھ تعلقات ہیں جس کی پاکستان دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔
فواد چودھری نے بتایا کہ 24 اگست کو مارٹن گپٹل کو ایک ای میل ملتی ہے جس میں دھمکی دی گئی کہ انھیں پاکستان میں قتل کر دیا جائے گا، یہی ای میل بعد ازاں ان کی اہلیہ کو بھی بھیجی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وار فیئر قائم کیا گی، بھارت سے ٹویٹس کی گئیں۔ اس خبر کے آنے تک وزیراعظم عمران خان کی تقریر ہونے والی تھی لیکن اس سے پہلے پیغام ملا کہ نیوزی لینڈ ٹیم دورہ منسوخ کر رہی ہے۔ مشورہ کیا یہ خبر ابھی وزیراعظم کو تقریر سے پہلے نہیں دیتے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ جو سمجھتے ہیں نیوزی لینڈ ٹیم جانے سے پاکستان تنہا ہو جائے گا وہ غلطی پر ہیں، پاکستان کو کوئی تنہا نہیں کرسکتا۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔ ایک دن آئے گا جب تمام انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

Arif AlviNaibaatPakistanPresident