برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا

لندن : برطانیہ نے پاکستان کو  کورونا کے دوران سفر کے لیے خطرناک سمجھے جانے والے ممالک کی ریڈ لسٹ سے خارج کر دیا ہے۔

 

برطانوی میڈیا کے مطابق سفری پابندیوں میں نرمی کا اطلاق 22 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے ہوگا۔ اس اعلان کے علاوہ برطانیہ کی جانب سے بدھ کو Tier 2(ٹائر ٹو) سسٹم سے متعلق اعلان کیا گیا ہے جس کا اطلاق 4 اکتوبر سے ہوگا۔

 

اس پابندی کو ہٹائے جانے سے متعلق برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر نے بھی تصدیق کرتے ہوئے  ٹوئٹر پر ایک پیغام  جاری کیا۔

 

انھوں نے ٹویٹ کیا کہ میں بخوشی اس بات کی تصدیق کرتا ہوں کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے خارج کر دیا گیا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ گذشتہ پانچ ماہ آپ کے لیے کتنے مشکل تھے۔

انھوں نے اپنے ٹویٹ میں اس سارے عرصے میں تعاون کرنے پر اسد عمر سمیت پاکستان اور برطانیہ کے صحت کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔

 

ریڈ لسٹ سے نکالنے کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان سے انگلینڈ جانے والے مسافروں کو اب ہوٹل میں قرنطینہ نہیں کرنا ہوگا۔ لیکن اگر آپ 4 اکتوبر سے قبل انگلینڈ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں تو آپ کو روانگی سے قبل اور انگلینڈ آمد کے بعد قواعد کے مطابق پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوں گے۔

 

لیکن اگر آپ 4 اکتوبر کے بعد پاکستان سے روانہ ہو رہے ہیں تو روانگی سے قبل ویکسین کی دونوں خوراکیں لگی ہونے کی صورت میں آپ کو پی سی آر ٹیسٹ نہیں کروانا ہوگا۔ آپ کو انگلینڈ پہنچنے کے دو دن بعد یعنی ’ڈے ٹو‘ (اگر آپ جمعے کو کسی بھی وقت انگلینڈ پہنچے ہیں تو آپ کا ’ڈے ٹو‘ اتوار ہوگا) پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا جس کا متبادل 4 اکتوبر سے کم قیمت ’لیٹرل فلو ٹیسٹ‘ ہوگا۔’

 

واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے دو اپریل کو پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے متاثرین کے باعث ملک پر سفری پابندی کا اعلان کیا تھا تھا جس کا باقاعدہ اطلاق نو اپریل کو ہو گیا تھا۔

 

برطانیہپاکستانریڈ لسٹکورونا