اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نوٹس پر رد عمل دے دیا ہے ۔
فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا الیکشن کمیشن کا احترام اپنی جگہ لیکن شخصیات کے سیاسی کردار پر بات کرنا پسند نہیں تو اپنا کنڈکٹ غیر سیاسی رکھیں ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس آیا تو تفصیلی جواب دیں گے ۔ بحیثیت ادارہ الیکشن کمیشن کی حیثیت مسلمہ ہے لیکن شخصیات غلطیوں سے مبرا نہیں اور تنقید شخصیات کے کنڈکٹ پر ہوتی ہے ادارے پر نہیں ۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے الزام تراشی پر وفاقی وزراء اعظم سواتی اور فواد چوہدری کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ آئینی ادارے پر بے بنیاد الزامات قابل قبول نہیں ۔ الزام تراشی کو مسترد کرتے ہیں ۔ وزراء الزامات کے ثبوت پیش کریں ۔
وفاقی وزراء اعظم سواتی اور فواد چودھرری کے الیکشن کمیشن پر الزامات کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا ۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے فواد چودھری کی پریس کانفرنس ، صدر مملکت سے ملاقات اور اعظم سواتی کے کمیٹی میں بیان کا جائزہ لیا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے کر مسترد کر دیا ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں وفاقی وزراء کو نوٹس جاری کیا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کے الزامات پر ان سے ثبوت مانگنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیمرا سے وزراء کے الزامات پر مبنی میڈیا کوریج کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے ۔