خیبرپختونخوا حکومت کی نااہلی، کورونا مریضوں کو لگایا جانیوالا انجکشن ایکٹمرا ختم

پشاور: محکمہ صحت کی غیر سنجیدگی اور ایم ٹی آئی ہسپتالوں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ، صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کو لگایا جانیوالا انجکشن ایکٹمرا ختم ہو گیا۔

بروقت خریداری نہ کرنے پر انجکشن تیار کرنے والی کمپنی نے دسمبر تک سپلائی سے معذرت کر لی۔ ذرائع محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے مریضوں کو چند ٹیسٹوں کے بعد ایکٹمرا انجکشن تجویز کیا جاتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ماہ سے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں اور ایم ٹی آئیز میں انجکشن کا سٹاک ختم ہو چکا ہے۔ محکمہ صحت نے 400 انجکشن خریدنے کا آرڈر دیا تھا، کمپنی نے جوابی خط میں معذرت کر لی ہے۔

کمپنی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انجکشن کورونا کی تشویشناک صورتحال میں ضروری ہے لیکن سپلائی ممکن نہیں، تمام اداروں کو بھی صورتحال سے پوری طرح سے آگاہ کیا جائے۔

نیو نیوز ذرائع کے مطابق مذکورہ انجکشن کی اصل قیمت 48 ہزار لیکن بلیک میں یہ 1 لاکھ 68ہ زار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایکٹمرا انجکشن کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، اس کی مدد سے مریض کے جسم میں سوزش کو روکنے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ ان اعضا کو نقصان نہ پہنچے۔

دوسری جانب خبریں ہیں کہ ایکٹمرا انجکشن کی ناصرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں قلت پیدا ہو چکی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر مختلف ممالک کے ریگولیٹری اداروں نے ڈاکٹروں کو اس کے متبادل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ActemraCorona patientscovid-19Health newsKhyber PakhtunkhwaPandemic