پاک فضائیہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ایئر چیف

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ یوم دفاعِ پاکستان ہماری تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے ، یہ ہماری بہترین قومی یکجہتی کا عکاس اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت ، بہادری اور قربانی کی دائمی یاد گار ہے ۔ جس کا مظاہرہ انہوں نے میدان جنگ میں پیش کیا۔

یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ دشمن نے ایک پرامن لیکن پرعزم ریاست کے وجود کو للکارا تھا بلاشبہ، پاک فضائیہ نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ شکست دی اور عددی برتری رکھنے والوں کے خلاف کامیابی سے لڑنے کی روایت قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن مناتے ہوئے ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو ان کے بے مثال دلیرانہ کارناموں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ہمیشہ ان کے احسان مند رہیں گے۔ ایئر چیف نے کہا کہ قومی فخر کے اس دن کے موقع پر میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فضائیہ کو خطے کے بدلتے ہوئے حالات کا بخوبی ادراک ہے اور ہماری فضائیہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد کے تصور Second to None کو سامنے رکھتے ہوئے پاک فضائیہ تمام شعبوں میں اوج کمال حاصل کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم ان تمام کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کے لیے لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اپنے پختہ عزم اور اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔

انہو٘٘ ٘ ں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہماری کاوشوں کی رہنمائی فرمائے اور ہمیں پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کرنے کی قوت عطا فرمائے، اس مقصد عظیم پر پاک فضائیہ ہمیش پوری اتری ہے اور مستقبل میں بھی اس کے حصول کے لئے کوشاں رہے گی

Air ChiefDefence and Martyrs DayPakistan Air ForcePakistan's sovereigntyterritorial integrity