مصباح الحق اور وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس نے اپنے عہدوں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں عبوری کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

مصباح الحق کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں چھوڑنے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے تاہم میں اپنی فیملی کیساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019ءط میں قومی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنے 24 ماہ کا جائزہ لیا، میں فی الحال ایسے فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکوں۔

دوسری جانب وقار یونس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مصباح الحق نے اپنا فیصلہ بتایا تو میں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان کے نوجوان باؤلرز کے ساتھ کام کرنے پر بہت مطمئن ہوں۔

ادھر چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ ہم مصباح الحق کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ گزشتہ 24 ماہ میں مصباح الحق نے اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کرکٹ کے لیے خرچ کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے بھی جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو عبوری کوچز کی حیثیت سے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے تعینات کیا ہے۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان مناسب وقت پر کر دیا جائے گا۔

CricketMisbah-ul-HaqPCB coachingSportsWaqar Younis