افواج پاکستان کی لازوال داستان رہتی دنیا تک یاد رہے گی: شہباز شریف

لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے یوم دفاع کے موقع پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن قوم نے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی ، افواج پاکستان کی لازوال داستان رہتی دنیا تک یاد رہے گی ۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دور میں فوجی نہیں معاشی جنگیں لڑی جا رہی ہیں ، معاشی میدان میں پاکستان کو محفوظ بنانا ہوگا ، اپوزیشن لیڈر نے مناواں لاہور میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔
دوسری جانب یوم دفاع پاکستان پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کے جانثاروں ، مجاہدوں ، غازیوں اور شہیدوں کی شجاعت و بہادری اور ولولہ انگیز قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ قوم نے 6 ستمبر 1965 میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ۔ محدود وسائل کے باوجود اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا جس طرح سے مقابلہ افواج پاکستان نے کیا وہ دنیا کی عسکری تاریخ کا سنہری باب ہے ۔
اپنے پیغام میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جذبہ ایمانی سے لبریز افواج پاکستان ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ، آج الحمدللہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ۔ افواج پاکستان کے ہوتے ہوئے مادر وطن کی طرف کوئی میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا ۔
انہوں نے کہا کہ دشمن اب روایتی جنگ کے بجائے ففتھ جنریشن وار کر رہا ہے لیکن اس محاذ پر بھی اسے دندان شکن جواب دیا جا رہا ہے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اس ناقابل تسخیر اور آہنی دفاع کو ایک مظبوط معیشت ہی تقویت دے سکتی ہے ۔ امید کرتا ہوں کہ پاکستان کی معیشت دوبارہ سے اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائے ، جس چمن کی آبیاری بہادر سپوتوں نے اپنے لہو سے کی ہو اس پر خزاں نہیں آتی اس دن کی مناسبت سے افواج پاکستان کی حب الوطنی سر فروشی اور عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ پاکستان زندہ باد ۔

armed forcesDefence and Martyrs DayHamza ShahbazPakistanShehbaz Sharif