لاہور: خواتین کو ہراساں اور نازیبا حرکات کرنے والا اوباش گرفتار

لاہور: خواتین کیساتھ نازیبا حرکتیں اور انھیں ہراساں کرنے کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار نوجوان ریکارڈ یافتہ ملزم ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ سمن آباد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔ ڈی آئی جی سہیل چودھری نے گرفتاری کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ یاسر عثمان نامی ملزم خواتین کو چھیڑ خانی، نازیبا حرکات اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزم یاسر عثمان کو سمن آباد پولیس نے گرفتار کیا۔ خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور پولیس نے چنگ چی رکشہ میں سوار لڑکی سے نازیبا حرکت کرنیوالے ملزم کو بھی پکڑ لیا تھا۔ ملزم طارق کی یوم آزادی کے موقع پر رکشہ میں سفر کرنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔ پولیس نے ملزم کا خاکہ جاری کرکے اس کی گرفتاری کے لیے اسے شہر بھر کے تھانوں میں بھیج دیا تھا۔

یاد رہے 24 اگست کو پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر لاہور کے گریٹر اقبال پارک کے قریب چنگ چی رکشے پر سوار خاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث دو مشتبہ 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

دونوں ملزمان کی شناخت عبدالرحمان اور عرفان حسین کے نام سے ہوئی تھی جو منڈی فیض آباد ننکانہ کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے موبائل فون قبضے میں لے کر انہیں فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا تھا۔

Crimeharassment caseLahore police