وزیراعظم سمیت حکومتی مشینری کی توجہ اپوزیشن کیخلاف جھوٹے کیسز بنانے پر مرکوز ہے: حمزہ شہباز

لاہور: ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا بیان ، کہا وزیراعظم عمران خان سمیت پوری حکومتی مشینری کی توجہ اپوزیشن کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے پر مرکوز ہے جبکہ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح ساڑھے 12 فیصد ہو گئی ہے ۔ آٹا ، گوشت اور سبزیوں سمیت 17 اشیاء مہنگی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کا تھیلا 27 روپے مہنگا ہو گیا اور کسی کو پرواہ تک نہیں ، خدا کا خوف کرو ورنہ وہ عوام ہی نہیں رہیں گے جن کے سر پر تم مسلط کر دیے گئے ہو ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب نے کہا کہ اس حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی ہے ۔ ڈالر کی قیمت بھی 166 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ تجارتی خسارہ نئے ریکارڈ توڑ رہا ہے ۔ حکومت کی خوشحالی اور ترقی کی باتیں صرف اشتہارات تک محدود ہیں لیکن عوام ان کی حقیقت اچھی طرح سے جان چکے ہیں ۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ پر ہی بتا دیا تھا کہ مہنگائی کا نیا سیلاب آئے گا ۔ حکومتی ترجمانوں کی بے حسی کا عالم یہ ہے کہ وہ گاڑیوں کی فروخت کو خوشحالی سے تعبیر کرتے ہیں ۔ وزیراعظم سیمنٹ اور سریے کی فروخت کو ترقی کہتے ہیں کیا لوگ سیمنٹ اور سریا کھا کر اپنا پیٹ بھریں؟ جتنی توجہ ذاتی انتقام پر دی جا رہی ہے اس سے آدھی بھی عوام کی حالت بدلنے پر لگائی ہوتی تو آج یوں اشتہارات چھپوا کر کارکردگی نہ بتانا پڑتی ۔

false casesHamza ShahbazImran Khanopposition political partiesPrime MinisterPTI government