کراچی میں پی ڈی ایم کا جلسہ عوام کی بڑی تعداد پہنچ گئی ، قائدین کا انتظار

 

کراچی:اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ آج مزار قائد سے متصل باغ جناح میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔جلسہ گاہ میں عوام کی بڑی تعداد پہنچ گئی ہے۔

 

نیو نیوز کے مطابق کراچی کے باغ جناح میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔  جلسے میں شرکت کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سمیت سندھ اور بلوچستان سے بھی عوام پہنچ رہے ہیں۔

 

جلسے سے مولانا فضل الرحمان، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، علامہ شاہ اویس نورانی، علامہ ساجد میر، ڈاکٹر عبدالمالک، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی اور دیگر خطاب کریں گے۔

 

جلسہ گاہ میں بڑا اسٹیج تیارکیا گیا ہے جس پر 500 افراد بیٹھ سکیں گے جب کہ پنڈال میں ایک لاکھ کرسیاں لگائی گئی ہیں، جلسہ میں جے یوآئی کے 10 ہزار رضا کار سیکیورٹی پر مامور ہیں، سیاسی قائدین کے لیے اسٹیج کے عقب میں وی وی آئی پی راستہ تیار کیا گیا ہے۔

 

کارکنان نمائش چورنگی کی جانب سے پنڈال میں داخل ہوں گے،جلسہ گاہ میں وضو خانے اور عارضی واش روم بھی بنائے گئے ہیں اور کھانے پینے کیلیے عارضی کنٹین قائم کی گئی ہے۔

 

جلسہ گاہ میں تمام جماعتوں کے پرچم اور خیر مقدمی بینر آویزاں کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں ساؤنڈ اور لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جلسے کا اسٹیج کنٹینر سے بنایا گیا ہے جو 20 فٹ اونچا، 160 فٹ چوڑا اور 160 فٹ لمبا ہے۔

 

جلسے کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس میں اندرونی سیکیورٹی کے علاوہ ٹریفک کنٹرول، پانی پلانے، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے اور دیگر امورکی انجام دہی شامل ہے۔ جلسہ گاہ کے اطراف میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر پارکنگ اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور مختلف قافلوں کی آمد کے لیے مختلف روٹ کا تعین کیا گیا ہے۔

 

جلسہ گاہ میں داخلے سے پہلے تمام داخلی گیٹ پر واک تھرو گیٹ رکھے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ کے اطراف سڑکوں پر بھی ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ میں پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایمجلسہکراچیمسلم لیگ ن