لاہور: پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضی کا فیاض الحسن چوہان کو جواب بولے ، بنی گالہ کے ڈاکو جتنی بڑی ڈکیتی کرتے ہیں فیاض چوہان اتنا زیادہ شور مچاتے ہیں ۔
حسن مرتضی نے فیاض الحسن چوہان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وچوں وچوں کھائی جاؤ اتوں رولا پائی جاؤ” چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار کو صرف ایک کام آتا ہے اور وہ ہے لوٹ مار ، تبدیلی سرکار کے چوروں اور ڈاکوؤں کے اس ٹولے نے فیاض چوہان اور ان جیسے درجنوں ترجمان رکھے ہوئے ہیں ۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ عثمان بزدار چپڑاسی کے تبادلے پر رشوت لیتا ہے ، پنجاب میں تین سالوں میں پانچ چھ چیف سیکرٹری اور آئی جی ان کی رشوت ستانی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ بزدار جتنا حرام کا مال بناتا ہے ایمانداری سے بنی گالہ پہنچا دیتا ہے ۔
انہوں نے پنجاب کو تباہ کر دیا اب تو امن و امان تک قابو میں نہیں رہا ، حسن مرتضی بولے جلد ہی بنی گالہ کے ڈاکوؤں کا راج ختم ہونے والا ہے ۔
اس سے قبل وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول زرداری کچی عمر میں آصف زرداری سے منفی سیاست کے سارے گن سیکھ چکے ہیں ۔
اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنی پرفارمنس سے تمام وزرائے اعلیٰ کو مات دے دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست کی پیداوار بلاول سردار عثمان بزدار کو کٹھ پتلی کہنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔