وزیراعظم عمران خان کا احسان مانی کو خراج تحسین

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین احسان مانی کو ان کی 3 سالہ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ 
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ احسان مانی نے بطور پی سی بی چیئرمین کرکٹ کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کے قیام کیلئے ان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ 
 وزیراعظم نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانے پر بھی احسان مانی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ریجنل ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ کھڑا کرنے اور عالمی کرکٹ کی پاکستان واپسی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر میں ان کا بطور خاص ممنون ہوں۔‘

واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی بطور چیئرمین مدت 24 اگست کو ختم ہوئی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ان کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ 
وزیراعظم آفس نے رمیز راجہ کو فون کر کے چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کی اطلاع دی جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا چیئرمین پی سی بی تقرر کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی بننا میرے لئے بہت اعزاز کی بات ہے، وزیراعظم کے اعتماد پر شکرگزار ہوں اور عوام سے دعاﺅں کی درخواست کرتا ہوں۔