لاہور: شہر میں بچوں کو اغوا کرکے خواجہ سراؤں کو  فروخت کرنے کا انکشاف

لاہور: شہر سے بچوں کو اغوا کرکے خواجہ سراؤں کو اونے پونے فروخت کرنے کاسکینڈل سامنے آیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں کم سن بچوں کو ورغلا کراغوا کرنے والا گروہ متحرک ہے، اور آئے روز بچوں کے اغوا کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اور انکشاف ہوا ہے کہ بچوں کو اغوا کرکے خواجہ سراؤں کو بیچ دیا جاتا ہے۔

پچھلے دنوں لاہور کے علاقے شاہدرہ مصطفی ٹاؤن میں ایک بچی کے اغوا کا واقعہ پیش آیا ہے، جسے پولیس نے 9 گھنٹے کی تگ و دو کے بعد بازیاب کرالیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری سہیل کی بیٹی کو ان کے محلہ دار دلاور نے اغوا کیا جسے بازیاب کروا لیا گیا ۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ شلوار قمیض میں ملبوس  ملزم بچی کو چیز دلانے کے بہانے ورغلا کر ساتھ لے جاتا ہے، وہ بچی کو کہاں لے کر جاتا ہے ابھی واضح نہیں ہوا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ بچی کے اغوا میں ملوث ملزم کے موبائل سے محلے کے دیگر بچوں کی تصاویر بھی برآمد ہوئی ہیں، جب کہ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ غوا کار بچی کو خواجہ سرا کے ہاتھوں بیچنے لے گیا تھا، اور یہ بچوں کو اغوا کرکے خواجہ سراؤں کو اونے پونے داموں بیچ دیتے ہیں۔ تاہم ابھی تفتیش جاری ہے۔ محلے داروں کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں کا گروہ 3 افراد پر مشتمل ہے جو بچوں کو چیز دلانے کے بہانے اغوا کرتے ہیں۔