پاکستان میں کورونا کی صورتحال الارمنگ، مزید 72 مریض جاں بحق، 3669 کیس رپورٹ

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ روز اس مرض میں مبتلا مزید 72 مریض خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ محکمہ صحت میں وبائی مرض میں اضافہ کے باعث شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جان کو محفوظ بنانے کیلئے ایس او پیز کا خیال رکھیں۔

انسداد کورونا کے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان میں کورونا کی الارمنگ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 72 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 53 ہزار644 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 3 ہزار 669 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.8 فیصد رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 2 ہزار 79 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق صوبہ سندھ میں کورونا کے کیسوں کی تعداد چار لاکھ بارہ ہزار ایک سو پینسٹھ، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ باون ہزار چھ سو پچیس، پنجاب میں تین لاکھ بہتر ہزار سات س پچاس، اسلام آباد میں چورانوے ہزار ایک سو آٹھ، بلوچستان میں اکتیس ہزار پانچ سو تراسی، آزاد کشمیر میں انتیس ہزار چار سو باون اور گلگت بلتستان میں نو ہزار تین سو چھیانوے ہو گئی ہے۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئی ہیں جہاں گیارہ ہزار تین سو بہتر افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

صوبہ سندھ میں چھ ہزار چار سو انتالیس، خیبر پختونخوا میں چار ہزار چھ سو اڑسٹھ، اسلام آباد آٹھ سو چونتیس، گلگت بلتستان ایک سو چونسٹھ، بلوچستان میں تین سو پینتیس اور آزاد کشمیر میں چھ سو چھیاسٹھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

corona virusPakistan