پاکستان میں کورونا کے مہلک وار جاری، تقریباً 3 ماہ کے دوران ایک دن میں ریکارڈ ہلاکتیں

لاہور: پاکستان میں ان دنوں عالمی موذی وبا کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 102 شہری موذی مرض کے ہاتھوں جان گنوا بیٹھے جو تقریباً 3 ماہ کے دوران ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔ 

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 24 ہزار 187 تک جا پہنچی ہے۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 934 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 59 ہزار 397 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8.30 فیصد رہی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 102 شہری موذی وباء کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے جو تقریباً 3 ماہ کے دوران ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ 

پاکستان میں آخری بار 100 سے زیادہ اموات 20 مئی کو ریکارڈ کی گئی تھیں اور  اس روز ملک میں 51 ہزار 528 ٹیسٹ کئے گئے تھے جن میں سے 3070 افراد میں وبا کی تصدیق ہوئی تھی۔

 خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام اور حفاظتی اقدامات کے تحت محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے بارے میں خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

 این سی او سی کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے تمام جلوس اور مجالس کورونا وائرس کی حفاظتی تدابیر کے تحت ہوادار اور کھلی جگہوں پر منعقد ہوں گی۔

 ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گھروں میں نجی مجالس کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ کورونا کی حفاظتی ہدایات پورے محرم الحرام میں جلوسوں اور مجالس کے دوران نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں گی۔

 خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ 81 افراد جاں بحق اور 4 ہزار 856 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ 64 ہزار 690 ٹیسٹ کئے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 7اعشاریہ پانچ صفر رہی۔

coronavirusHealth newsPandemic