اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف واپس آئیں تو 24 گھنٹے میں سفری دستاویزات دے دیں گے۔16 فروری سے نوازشریف کا پاسپورٹ ختم ہوچکا۔ اب وہ ہمارے شہری نہیں ہیں
نیو نیوز کے مطابق وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو پتہ ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتےہیں ۔صرف ایمبیسی انہیں واپس آنے کیلئے پاسپورٹ جاری کرسکتی ہے ۔وہ پاکستان کے پاسپورٹ پر دنیا میں کہیں نہیں جاسکتے ۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد کردی ہے۔ نواز شریف نے ویزا میں توسیع کی درخواست کی تھی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی قانون کے مطابق نواز شریف کے پاس برطانیہ چھوڑنے کے لیے چند دن ہیں۔نواز شریف کو ویزا توسیع کیلئے دوبارہ درخواست دینا ہوگی۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں وہ برطانوی امیگریشن میں اپیل کرسکتے ہیں اپیل مسترد ہونے پر برطانوی عدالتوں میں بھی جاسکتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا پاسپورٹ پہلے ہی حکومت پاکستان مسترد کرچکی ہے۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا محمد نوازشریف کے برطانیہ میں قیام سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا ہے مریم اورنگزیب نے کہا ہے قائد محمد نوازشریف کے ویزے میں مزید توسیع سے برطانوی محکمہ داخلہ نے معذرت کی ہے ۔
برطانوی محکمہ داخلہ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ محمد نوازشریف اس فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹریبونل میں اپیل کرسکتے ہیں ۔د نوازشریف کے وکلاءنے برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں اپیل دائر کردی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں دائر اپیل پر فیصلہ ہونے تک محکمہ داخلہ کا حکم غیرموثر رہے گا ۔اپیل پر فیصلہ ہونے تک قائد محمد نوازشریف برطانیہ میں قانونی طورپر مقیم رہ سکتے ہیں۔