شوہر کی وجہ سے شلپا شیٹھی کو کروڑوں کے نقصان کا سامنا

ممبئی: راج کندرا کی حرکتوں کی وجہ سے اداکارہ شلپا شیٹھی کو کروڑوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر بزنس مین راج کندرا فحش فلمیں بنانے اور انہیں موبائل ایپ پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار ہیں۔ اس کیس میں ممبئی پولیس اداکارہ شلپا شیٹھی سے بھی کئی بار پوچھ گچھ کرچکی ہے تاہم اس سارے معاملے میں شلپا شیٹھی نہ صرف پریشان ہیں بلکہ انہیں اب مالی نقصان کا بھی سامنا ہے۔

ممبئی پولیس کے مطابق جب کرائم برانچ نے راج کندرا کے گھر چھاپہ مارا تو اس وقت شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر کے درمیان لڑائی ہوئی تھی جس میں اداکارہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکی تھیں اور اپنا آپا کھو بیٹھی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے شوہر پر چلاتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے پاس سب کچھ ہے اور تو تمہیں یہ سب کرنے کی کیا ضرورت تھی۔

شلپا شیٹھی ایک ڈانس شو میں جج کے طور پر موجود ہیں تاہم راج کندرا کی گرفتاری کے باعث شلپا شو میں شرکت نہیں کرسکیں جس کی وجہ سے انہیں 2 کروڑ سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، شلپا اس شو کی سب سے مہنگی جج ہیں جو ایک قسط کا معاوضہ 22 لاکھ تک لیتی ہیں اور صرف یہی نہیں بلکہ یہ افواہیں بھی گردش میں ہیں کہ اداکارہ کو شو سے نکالنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے تاہم ابھی تک چینل انتظامیہ نے اس معاملہ پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔