اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول کے پاس دھاندلی کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ پیش کرکے الیکشن کمیشن یا دیگر متعلقہ فورمز پر رجوع کریں، ایسے ہوا میں شور اور واویلا کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر انتخابات میں پیسوں کے استعمال کی سیاست زرداری اور نواز شریف نے متعارف کرائی، یہ ہر الیکشن سے قبل جتنے پیسے لگاتے ہیں اقتدار ملنے کے بعد اس سے کئی زیادہ پیسے بنا لیتے ہیں، اس دفعہ گھاٹے کا سودا ہوا، پاکستان کے اندر اگر کسی نے کرپشن،منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس میں ریکارڈ قائم کیا تو ہے تو آپ کے ابو زرداری ہی ہیں۔
بلاول زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے پانچ حلقے کھلوانے کے لئے کئی سال کی جدوجہد کی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی عمران خان کی دھاندلی کے خلاف جدوجہد سے سبق سکھیں،دھاندلی کو صرف الزامات کی حد تک استعمال نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد وجموں کشمیر میں شکست کے بعد بلاول حواس باختہ نظر آتے ہیں،انہیں اب 2023تک کوئی الیکشن مہم نظر نہیں آرہی، آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران جن لوگوں نے قانون کو ہاتھ میں لیا ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، قانون اپنا راستہ بنا لے گا، جن کے پاس آزادوجموں کشمیر کے 45حلقوں کے لئے امیدوار ہی نہیں تھے انہیں بات کرنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بھی آزادوجموں کشمیر میں حکومتیں بنائیں،کیا وہ حکومتیں بھی پیسے کے زور پر بنائی گئیں تھیں؟ جیسے ہمیں کہا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عجیب منطق ہے اپنی 11جیتی ہوئی سیٹوں پرجشن منا رہے ہیں اور جہاں پی ٹی آئی جیتی وہاں دھاندلی کے الزامات لگارہے ہیں، بلاول صاحب،آپ فکر نہ کریں،آپ کا ہمیشہ کے لئے ن لیگ کے ساتھ ہی دوسری اور تیسری پوزیشن کے لئے مقابلہ رہے گا۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کے تینوں صوبوں کے بعد گلگت بلتستان اور آزادوجموں کشمیرکے عوام نے ووٹ کے ذریعے پیغام دے دیا ہے کہ” نومور پیپلز پارٹی ” ، پیپلز پارٹی کو مشورہ ہے کہ وہ قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر اپوزیشن کرنے کے لئے سوچنا اور سمجھنا شروع کر دے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب، کل تو آپ اپوزیشن کو اکٹھا کرنے کی بات کررہے تھے اور آج ن لیگ کے ساتھ 5سال مقابلے کی باتیں کر رہے ہیں۔