پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 کرکٹ میچ آج کھیلا جائے گا

بارباڈوس: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز کے شیڈول میں تبدیلی اور ایک میچ کی کمی کے بعد چار میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم ان دنوں دورہ ویسٹ انڈیز پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف پانچ کی بجائے چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ ویسٹ انڈیز کو کیرن پولارڈ لیڈ کریں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ 31 جولائی کو گیانا میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا تیسرا ٹی 20 میچ یکم اگست کو گیانا جبکہ چوتھا اور آخری میچ 3 اگست کو اسی میدان میں ہی کھیلا جائے گا۔

ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اگست تک جمیکا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 20 سے 24 اگست تک جمیکا میں ہی کھیلا جائے گا۔

اعدادوشمار پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پلڑا بھاری ہے۔ 2011ء سے 2018ء تک دونوں ٹیموں کے درمیان 14 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گئے جس میں پاکستان نے 11 اور ویسٹ انڈیز نے 3 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے مابین آخری بار تین ٹی تونٹی میچوں کی سیریز 2018ء میں پاکستان میں کھیلی گئی جس میں گرین شرٹس نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بہت اہم ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف مختلف کمبی نیشن سے جائیں گے اور مختلف کھلاڑیوں کو آزمائیں گے، ورلڈ کپ سے قبل ہمیں اپنا ٹیم کمبی نیشن دیکھنا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ کپتانی کا کوئی پریشر نہیں، جب سے کپتان بنا ہوں اچھا پرفارم کر رہا ہوں، یہی کوشش ہوتی ہے کہ ذمہ داری کے ساتھ کھیلوں، ہر میچ میں توقعات پر پورا اترنے کی کوشش ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہمیں اپنا کمبی نیشن دیکھنا ہے، ہم اپنی بینچ سٹرنتھ بھی چیک کریں گے تاکہ کمبی نیشن بناسکیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف مختلف کمبی نیشن سے جائیں گے اور مختلف کھلاڑیوں کو آزمائیں گے۔ بابراعظم نے کہا کہ مڈل آرڈر پرفارم نہیں کر رہی لیکن کھلاڑیوں کو اعتماد دیں گے، انہی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل میں پرفارم کیا ہے، کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں گے۔ اعظم خان کو ابھی تک پرفارم کرنے کا پورا موقع نہیں ملا ، حارث رئوف میچ ونر بائولر ہیں، ویسٹ انڈیز سیریز میں ان کی کارکردگی بہتر نظر آئے گی، حسن علی بھی اچھی فارم میں ہیں۔ بابراعظم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہمارا ریکارڈ بہت اچھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں ہم نے 200 رنز سکور کئے ہوئے ہیں لیکن ویسٹ انڈیزکی کنڈیشنز مختلف ہیں، یہاں وکٹ تھوڑا سلو ہوتا ہے جبکہ بارباڈوس میں بائونس ملتا ہے۔ ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔ ہم پریشر کے بغیر کرکٹ کھیلیں گے۔ یہ سیریز بہت اہم ہے مختلف کھلاڑیوں کو آزمائیں گے۔ انگلینڈ کے خلاف کی گئی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے، ہماری فیلڈنگ کمزور تھی اس پر بہت کام کیا ہے۔

بابر اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شرجیل خان ٹاپ آرڈر میں کھیلتے ہیں، اگر انہیں موقع دیا گیا تو انہیں اوپر کے نمبر پر ہی کھلائیں گے۔ ہماری کوشش ہے ویسٹ انڈیز کے دورہ پر سب کو متواتر مواقع ملیں۔ ورلڈ کپ نزدیک ہے، کوشش ہوگی کہ سپنرز کو بھرپور موقع دیا جائے گا۔

CricketPakistanSportsT20West Indies