پاکستان میں کورونا کیسز بڑھنے لگے، تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں بے پناہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت کے حکام نے تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کی سفارش کی ہے تاہم اس اہم معاملے پر حتمی فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے آج ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس آج ہوگا جس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کرینگے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن میں منعقد ہونے والے اس اہم اجلاس میں دیگر صوبائی وزرائے تعلیم بھی انٹرنیٹ کے ذریعے شرکت کرینگے جبکہ محکمہ صحت کے حکام بھی بریفنگ کیلئے موجود ہونگے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور اموات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں چوبیس گھنٹے کے دوران 44 افراد کورونا سے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 23 ہزار 131 تک جا پہنچی ہے۔

گزشتہ روز ملک بھر میں 52 ہزار 291 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4 ہزار 119 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7.8 فیصد رہی۔

این سی او سی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار 827 تک پہنچ چکی ہے۔

coronaEducationNCOCSchoolvirus