منشیات تیار کرنے اور سمگلنگ میں ملوث افراد قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ منشیات تیار کرنے اور سمگلنگ میں ملوث افراد قومی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں اور ایسے لوگوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اے این ایف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو اے این ایف کی پاکستان میں انسداد منشیات آپریشنز اور کردار کے حوالے سے بتایا گیا۔

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اے این ایف کے افسران اور عملہ سے بھی ملے اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات تیار کرنے والے اور سمگلر قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

 

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ انسانیت کے بے رحم دشمن ہیں۔ منشیات سے حاصل آمدنی دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ منشیات ڈیلروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔ آرمی چیف نے منشیات سمگلنگ روکنے کے لیے اے این ایف کی کوششوں کو سراہا۔

 

قبل ازیں اے این ایف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ڈی جی اے این ایف میجر جنرل محمد عارف ملک نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔