پاکستانی اداکارہ نائلہ جعفری انتقال کرگئیں

کراچی: پاکستانی ٹیلی وژن ڈراموں کی مشہور اداکارہ نائلہ جعفری انتقال کر گئیں۔ مرحومہ کی عمر 42 سال تھی، وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔

نائلہ جعفری نے چند ہفتے قبل حکومت سے علاج میں مدد کی اپیل بھی کی تھی۔ نائلہ جعفری نے پاکستان ٹیلی ویژن کے کئی ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ سوشل میڈیا پر نائلہ جعفری کی طرف سے علاج میں مدد کی درخواست پر سندھ حکومت نے نائلہ جعفری کے علاج کے اخراجات اٹھانے کا وعدہ کیا تھاوہ وقتا فوقتاً ہسپتال میں داخل ہوتی رہتی تھیں ۔

نائلہ جعفری کو چند روز قبل کراچی کے ایک ہسپتال میں کچھ دن علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا۔ نائلہ جعفری اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنا بوتیک بھی چلاتی تھیں۔ بیماری کے باعث اداکارہ نائلہ جعفری کافی عرصے سے شوبز کی مصروفیات چھوڑ چکی تھیں۔

ان کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز 2 میں واقع طوبیٰ مسجد میں ادا کی گئی، بعد ازاں انہیں آرمی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں عزیز واقاریب سمیت شوبیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اداکارہ نائلہ جعفری نے تھیٹر اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے ٹیلی ویژن کے بھی متعدد ڈراموں میں جاندار اداکاری سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ نائلہ جعفری نے ماں مجھے سلانا، دیسی گرلز، تھوڑی سی خوشیاں جیسے قابلِ ذکر ڈراموں میں کام کیا۔

cancerhealthNaila jafferyShowbiz