اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ مالی سال 2021ء میں امریکا کو پاکستانی برآمدات میں پیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں 39 فیصد کی شرح سے بڑھوتری ہوئی۔
سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں امریکا کو 5.2 ارب ڈالرز کی برآمدات ہوئیں جو مالی سال 2020ء کے مقابلہ میں 1.45 ارب ڈالر زیادہ ہے۔ مالی سال 2020ء میں امریکا کو برآمدات میں 3.7 ارب ڈالرکی برآمدات ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار امریکا کو برآمدات کا حجم 5 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گیا ہے۔
انہوں نے اس ضمن میں برآمد کنندگان اور امریکا میں ٹریڈ و انویسٹمنٹ افسران کی کاوشوں کو سراہا۔
مشیر تجارت نے برآمدات میں اضافہ کیلئے نیویارک اور ہیوسٹن کے پاکستانی مشنز میں تعینات ٹریڈ و انویسٹمنٹ افسران کو برآمد کنندگان کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔