بلاول بھٹو کا بیان بچگانہ سمجھتا ہوں: احسن اقبال

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کزن کے انتقال کے باعث بجٹ سیشن میں شریک نہیں ہوئے ، بلاول بھٹو کا بیان بچگانہ سمجھتا ہوں ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تعزیت نہیں کر سکتے تو بیان بازی کا نشانہ مت بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ پر فرینڈلی ہونے کا الزام لگانے والے پہلے اپنا گریبان دیکھیں ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پہلی بار کسی حکومت کو بجٹ میں اتنے یوٹرن لینے پڑے ۔ حکومت مختلف ڈیوٹیز کے ذریعے ٹیکس نافذ کرنے جا رہی تھی لیکن اپوزیشن کی مداخلت سے حکومت نے ڈیوٹیز واپس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی نشاندہی پر حکومت نے 350 ارب روپے کے ٹیکس واپس لیے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے اصل بجٹ پیش نہیں کیا ، اصل بجٹ تو آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ منظور ہونے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھیج دی ، بجٹ کے بعد بجلی ، گیس کی قیمتوں میں اضافے کے جھٹکے لگیں گے ۔ یہ بازی گر قوم کو مزید دھوکا دیں گے ۔
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ حکومت نے منصوبوں کو سفید ہاتھی بنا دیا ہے ، اس حکومت نے چلتے ہوئے ادارے تباہ کر دیئے ہیں ۔ حکومت نے ہایئرایجوکیشن کے سربراہ کو کرپشن سے روکنے پر ہٹا دیا ۔ حکومت نے چلتے ہوئے ریلوے ، پی آئی اے کو تباہ کر دیا ۔
انہوں نے کہا کہ آج پھر ایک جھوٹے کیس کی پیشی بھگتنے آئے ہیں ، حکومت 3 سال سے احتساب کے نام پر ناٹک کر رہی ہے ۔ نارروال اسپورٹس کمپلیکس نوجوانوں کیلئے بہترین منصوبہ تھا جس کو کھنڈر میں بدل دیا گیا ۔ حکومت نے اس منصوبے کو انتقام کا نشانہ بنایا ۔
احسن اقبال نے کہا کہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی ریکوری عمران خان سے ہی کریں گے ۔ وزیراعظم نے ایک گراؤنڈ کے ساتھ تصویر بنا کر تاثر دیا وہ کھیلوں کے حامی ہیں ۔

Ahsan IqbalBilawal BhuttochildishPML-Npolitical statementPPP Chairman