سندھ حکومت کا تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات نہ کرنے کا اعلان

کراچی: سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال تمام تعلیمی اداروں موسم گرما کی تعطیلات نہیں دی جائیں گی، یہ اقدام طلبہ کو کورونا وائرس کی وجہ سے پہنچے والے تعلیمی نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی علاقے میں موسم زیادہ گرم ہوا تو چھٹیاں دینے پر غور کیا جا سکتا ہے تاہم فی الحال سندھ بھر میں تعلیمی ادارے بدستور کھلیں گے، کورونا کی وجہ سے پہلے ہی طلبہ کا نقصان ہو چکا ہے، اس سال چھٹیاں نہیں دی جائیں گی۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے بتایا ہے کہ تمام سکولوں میں یکم جولائی سے یکم اگست تک موسم گرما کی تعطیلات دینے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔

خیبر پختونخوا میں بھی سکولوں کی چھٹیاں دیدی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے بتایا ہے کہ تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں یکم جولائی سے 11 جولائی تک چھٹیاں ہونگی۔

آل پاکستان پرائیوٹ سکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث طلبہ اپنی پڑھائی کا پہلےہی نقصان اٹھا چکے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ تعلیمی اداروں میں چھٹیاں نہیں دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی صورتحال اس وقت قابو میں ہے، کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ہم سے لازمی مشاورت کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں کورونا کے بعد پچاس فیصد بچے سکولوں میں واپس نہیں آئے جبکہ ہزاروں تعلیمی ادارے ویسے ہی بند ہو چکے ہیں۔

SchoolSindhSummer Vaccation