احتسابی عمل سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ احتسابی عمل سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، ہمارا ایجنڈا صرف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے چیئرمین نیب کی ملاقات ہوئی جس میں جاوید اقبال نے صادق سنجرانی کو ملک میں جاری احتسابی عمل سے تفصیلی آگاہ کیا ۔
چیئرمین نیب نے صادق سنجرانی کو نیب کی سالانہ رپورٹ برائے 2020 بھی پیش کی اور احتسابی عمل کو زیادہ شفاف اور موثر بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی ۔
جاوید اقبال نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے سے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول میسر ہوگا ، ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری طبقے کی جانب سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ احتساب کے عمل میں شفافیت اور غیر جانبدرای کو ہر صورت برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ احتسابی عمل کے نتیجے میں تاجر اور کاروباری طبقے کے ہراساں ہونے کے تاثر کی نفی ہونی چاہیے ۔

annual accountability reportChairman NABChairman SenateJaved IqbalSadiq Sanjrani