بلوچستان اسمبلی ہنگامہ آرائی: اپوزیشن لیڈر سمیت 9 اراکین کے خلاف مقدمہ درج

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے الزام میں قائد حزب اختلاف سمیت دیگر 9 اراکین کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت اس مقدمے کی درخواست بجلی روڈ تھانے میں دی تھی۔ اراکین کیخلاف یہ مقدمہ دفعہ 17 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

حزب اختلاف کی جماعتوں نے بھی شکایت درج کرائی تھی جس میں وزیراعلیٰ جام کمال سمیت دیگر کیخلاف مقدمات درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی لیکن پولیس کی جانب سے اس پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

حکومتی ترجمان لیاقت شاہوانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن نے بجٹ سیشن کے دوران اسمبلی کے احاطے میں بے جا ہنگامہ کھڑا کیا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جبکہ پرتشدد رویہ بھی اختیار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے ناصرف اسمبلی کے گیٹ کو تالے لگائے گئے جبکہ وزیراعلیٰ اور حکومتی اراکین کو بھی اسمبلی کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔ اس اقدام کی وجہ سے اسمبلی اجلاس بروقت شروع نہ ہو سکا جبکہ لائیو کوریج کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان میں جگ ہنسائی ہوئی۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومتی اراکین کو اسمبلی میں داخلے سے روکنے کیلئے ان پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ بوتلیں تک پھینکی گئیں، صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کو کارروائی کرنا پڑی۔

PakistanPoliticsUrdu news