یہ ممکن ہی نہیں امریکا کو فوجی اڈے دیں: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سے افغانستان میں کارروائی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ، یہ ممکن ہی نہیں امریکا کو فوجی اڈے دیں ۔

غیر ملکی نیوز ویب سائٹ ایگزیاس کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ افغان طالبان کے ترجمان نہیں ہیں ، افغانستان میں جنگ کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑا ۔ پاکستان میں اس وقت 30 لاکھ افغان پناہ گزین موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو افغانستان سے نکلنے سے پہلے سیاسی تصفیہ کرنا چاہیے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ امریکا میں گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد مغرب میں مسلمانوں کیخلاف نفرت بڑھی ، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ قربانیاں دیں ، 70 ہزار سے زائد پاکستانی شہید ہو چکے ہیں ۔

مسئلہ کشمیر پر عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم وبربریت کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں لیکن دنیا اس پر بات نہیں کرتی ، مسئلہ کشمیر پر بات نہ کرنا منافقت ہے ۔

جوہری پروگرام کے سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کیخلاف ہیں لیکن پاکستان کا جوہری پروگرام صرف ملکی دفاع کیلئے ہے ۔ ماضی میں بھارت سے 3 جنگیں ہو چکی ہیں لیکن جب سے جوہری قوت بنے ہیں بھارت سے کوئی جنگ نہیں ہوئی ۔

عمران خان نے چین کے حوالے سے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ، چین نے پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم اور مضبوط ہونے کیلئے ریسکیو کیا ۔

 

 

 

Afghanistanmilitary basesPakistanPM Imran KhanUS