ملک بھر کی صحافی برادری کو سہولتیں دینے کیلئے پُرعزم ہیں: فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک بھر کی صحافی برادری کو سہولتیں دینے کیلئے پُرعزم ہیں ، ہاؤسنگ اسکیم اور کامیاب جوان پروگرام میں صحافیوں کیلئے اسپیشل پیکج بنایا گیا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ صحافیوں نے جمہوریت کیلئے جدوجہد میں ایک تاریخ رقم کی ہے ۔ سندھ سمیت کراچی کے حالات کو سامنے لانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے ۔ آزادی صحافت کے چند استعاروں میں کراچی پریس کلب کا بھی نام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل سے متعلق کراچی پریس کلب کے عہدیداران سے بات ہوئی ہے ۔ صحافیوں کو سہولتیں فراہم کرنے سے متعلق ایک جامع پروگرام شروع کیا ہے ۔ ڈیجیٹل صحافت کی ٹریننگ کیلئے صحافیوں کو مضبوط کرنا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کو شارٹ کورسز کرانے کیلئے مدد دینے کیلئے تیار ہیں ۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جو کچھ ہوا ہے وہ اچھی روایت نہیں ہے ۔ الیکٹورل ریفارمز کے معاملے کو اپوزیشن لیڈر پارلیمنٹ میں نہیں باہر حل کرانا چاہتے ہیں ۔ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ہر معاملے میں نیوٹرل ہیں ، عمران خان چاہتے ہیں الیکشن بھی نیوٹرل نظام پر ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے پاس جو کنٹرول ہے وہ مستعار لیا ہوا ہے ۔ پارٹی کا اصل کنٹرول نواز شریف اور مریم نواز کے پاس ہے ۔ شہباز شریف کبھی پیپلز پارٹی کا کندھا استعمال کرتے ہیں اور کبھی مولانا فضل الرحمٰن کا کرتے ہیں ۔

فواد چودھری نے کہا کہ سندھ میں جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ نافذ ہے ۔ سندھ کے عوام کو ان کا حق نہیں مل رہا ۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں اربوں روپے آئے سوال پیدا ہوتا ہے وہ کدھر گئے ؟

انہوں نے کہا کہ وفاق نے سندھ کو پیسہ دے کر ہمیشہ اپنا فرض ادا کیا ہے ۔ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے صوبائی حکومت کی ناقص پالیسیوں کو بے نقاب کرتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ سے پیسہ لانچوں اور گمنام اکاؤنٹس کے ذریعے باہر چلا جاتا ہے ۔ سندھ حکومت چاہتی ہے وفاق اس سے دیئے گئے فنڈز سے متعلق بالکل نہ پوچھیں ۔

فواد چودھری نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے سندھ سے متعلق جو ریمارکس دیئے ہیں وزیراعلیٰ سندھ اس پر استعفیٰ دیدیتے ۔ وزیراعلیٰ سندھ اپنی کٹھ پتلیوں کے ذریعے چیف جسٹس کیخلاف تقاریر کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے سب سے بڑے دشمن اس وقت صوبے پر حکمرانی کر رہے ہیں ۔ سندھ میں یہ ان کا آخری الیکشن تھا جس کے نتیجے میں یہ برسر اقتدار آئے ۔ کراچی تحریک انصاف کا شہر ہے اور اگلی بار سندھ پی ٹی آئی کا ہوگا ۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے خلاف منفی اقدامات کئے ہیں ۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

facilitiesFawad Chaudhryjournalist communityPakistanPTI government