بیجنگ: عالمی وبا کے باوجود چین کی معیشت میں دن دگنی رات چوگنی ترقی جاری ، گذشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 2021 کی پہلی سہ ماہی میں چین کی معیشت میں ریکارڈ 18.3 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 1992 کے بعد سے جب سے چین نے سہ ماہی کے ریکارڈ رکھنا شروع کیے ہیں اُس کی مجموعی ملکی پیداوار میں یہ سب سے بڑا اضافہ ہے ۔ 2020 کی پہلی سہ ماہی میں چین کی معیشت عالمی وبا کے باعث ملک گیر لاک ڈاؤن کی وجہ سے 6 اشاریہ 8 فیصد کم ہوگئی تھی لیکن بعد میں وائرس پر قابو پانے کے سخت اقدامات اور کاروباری افراد کو ہنگامی امداد دینے کے نتیجے میں چینی معیشت مستحکم ہوئی ہے ۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کے باعث امریکا سمیت دنیا کے امیر ترین ممالک کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی تھی اور اُن کو ملک کا نظام چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔
دنیا میں عالمی وبا سے متاثرین کی تعداد 13 کروڑ بڑھ چکی ہے جبکہ ہلاکتیں 30 لاکھ تک پہنچ چکی ہیں ۔ بھارت میں وبا کا پھیلاو بے قابو ہو گیا ہے ، مسلسل دوسرے روز دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ، چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 2 لاکھ 17 ہزار افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی ۔
امریکا میں وبا کے پھیلاو میں کمی کے بعد ریاست نیو ہیمپشائر میں ماسک کے استعمال کی پابندی ختم کر دی گئی ، برطانیہ ویکسی نیشن میں دنیا میں سب سے آگے ، 47 فیصد شہریوں کو ویکسین کی ایک ڈوز لگا دی گئی ہے ۔