پاکستان میں عالمی وبا کے وار جاری، مزید 84 افراد جان کی بازی ہار گئے

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کے وار جاری ، مزید 84 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد وبا سے اموات کی تعداد 14 ہزار ، 697 ہوگئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چوبیس گھنٹے کے دوران 4 ہزار ، 723 افراد میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ ، 82 ہزار 888 تک پہنچ چکی ہے ۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں وبا کے مثبت کیسز کی شرح 9.41 فیصد رہی جبکہ ملک میں گزشتہ روز عالمی وبا کے 50 ہزار 186 ٹیسٹ کیے گئے ۔

ادھر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہر ملک کو اپنے شہریوں کی صحت کی حفاظت کے لیے فیصلے کرنے کا حق ہے ۔ برطانیہ کی جانب سے پاکستان سمیت کچھ ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے سے سوال پیدا ہوتا ہے کیا ان ممالک کا انتخاب سائنس کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے یا خارجہ پالیسی کو ۔

دوسری جانب دنیا بھر میں وبا کے کیسز کی تعداد 13 کروڑ ، 8 لاکھ ، 7 ہزار 190 ہوگئی جبکہ دنیا بھر میں عالمی وبا سے اموت کی تعداد 28 لاکھ ، 50 ہزار ، 385 ہوگئی ہے ۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں عالمی وبا کے 10 کروڑ 53 لاکھ 856 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں ۔