کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم نے پندرہ دن کے لیے آٹھویں جماعت تک فزیکل کلاسز معطل کر دی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سعید غنی نے اس حوالے سے محکمہ تعلیم کا نوٹیفیکیشن بھی شیئر کیا۔ جس کے مطابق 6 اپریل سے اگلے پندرہ روز کیلئے تمام سرکاری اور پرائیوٹ تعلیمی اداروں میں کلاسیں معطل رہیں گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق بچوں کی تعلیم آن لائن، ہوم ورک اور دیگر ذرائع سے جاری رکھی جا سکتی ہے۔ کلاسز معطل کرنے کا فیصلہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چھ روز پہلے محکمہ تعلیم سندھ کی سٹیرنگ کمیٹی کے ممبران نے سکولوں کو پندرہ دن کے لیے بند کرنے کی تجویز دی جس کی کچھ ممبران نے مخالفت کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ آٹھویں جماعت تک سکولوں کو بند کر دیا جائے جبکہ میٹرک کلاسز جاری رکھی جائیں۔
زیادہ تر ممبران کی اکثریت نے آٹھویں جماعت تک سکول بند کرنے کی حمایت کی تھی۔ پرائیویٹ سکولز کے نمائندوں نے اعتراض کیا کہ مارکیٹیں کھلی ہیں تو سکول کیوں بند کیے جائیں۔ وزیر تعلیم سعید غنی نے اجلاس میں بتایا کہ کمیٹی میں سامنے آنے والی تجاویز کو این سی او سی میں پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھرمیں کورونا مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 87 ہزار 908 ہو گئی ہے جن میں سے ایکٹو کیسز کی تعداد 60 ہزار 72 ہے۔ کورونا سے متاثر 3 ہزار 568 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 24 گھنٹے کے دوران 55 ہزار 605 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 ہزار 20 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.02 فیصد رہی۔
سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 378 ہو گئی۔ پنجاب 2 لاکھ 31 ہزار 73، خیبرپختونخوا 91 ہزار 439، بلوچستان میں 19 ہزار 734 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد 60 ہزار 911، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 52 کیسز جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 13 ہزار 321 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک بھر میں کورونا میں مبتلا 3 ہزار 367 مریض گذشتہ 24 گھنٹوں میں صحت یاب ہوئے جس کے بعد وبا سے صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 13 ہزار 58 ہو گئی ہے۔
بشکریہ(نیو نیوز)