نیویارک: عالمی وبا کے سنگین وار جاری ، دنیا بھر میں وبا سے 28 لاکھ ، 65 ہزار 515 افراد جان گنوا بیٹھے ، متاثرہ افراد کی تعداد 13 کروڑ 18 لاکھ سے بڑھ گئی ۔
24 گھنٹے کے دوران برازیل میں سب سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئیں ایک ہزار 233 جان سے گئے ۔ روس میں 357 ، اٹلی 326 ، امریکا 270 اور فرانس میں 185 اموات رپورٹ ۔
دوسری جانب وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بنگلہ دیش میں آج سے ایک ہفتے کےلیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔
بھارت میں ایک روز کے دوران ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 477 مریض لقمہ اجل بن گئے ۔
واضح رہے کہ بھارت میں وبا گزشتہ چھ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ ایک دن میں 93 ہزار سے زائد متاثرین اور 500 اموات ریکارڈ کی گئیں ۔
بھارت میں وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ تیس لاکھ کے قریب ہے ، جبکہ اموات ایک لاکھ چونسٹھ ہزار سے زائد ہیں ۔ بھارت کے چند بڑے شہروں میں حفاظتی اقدامات کے تحت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں ۔
ادھر پاکستان میں عالمی وبا کے خطرناک وار جاری ہیں ، قاتل وائرس مزید 43 افراد کو نِگل گیا جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 821 ہوگئی ۔ 24 گھنٹے میں 4 ہزار 323 نئے کیسز رپورٹ ، 43 ہزار 362 ٹیسٹ کیے گئے ۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں وبا کے مثبت کیسز کی شرح 9.96 فیصد رہی ، خیبرپختونخوا میں ایک اور ڈاکٹر وبا سے شہید ہوگیا ، اب تک صوبے میں مہلک وائرس سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد 50 ہوچکی ہے ۔