نیو دہلی: بھارت میں چوتھی مرتبہ عالمی وبا کے ایک لاکھ سے زائد نئے کیسز رپورٹ ، بھارت میں 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 31 ہزار 968 کیسز جبکہ 780 اموات رپورٹ ہوئی ۔
وزارت صحت کے مطابق بھارت میں وبا کے مجموعی کیسز ایک کروڑ 30 لاکھ جبکہ اموات ایک لاکھ 67 ہزار ہوگئیں ۔ بھارت میں 9 کروڑ 43 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد تیرہ کروڑ ، پینتالیس لاکھ اٹھائیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔ امریکا میں وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد تین کروڑ سترہ لاکھ ، سترہ ہزار چار سو چار ہوچکی ہے ۔ برطانیہ میں موذی وبا میں مبتلا مریضوں کی مجموعی تعداد تینتالیس لاکھ 70 ہزار تین سو اکیس تک پہنچ چکی ہے ۔
پاکستان میں عالمی وبا سے اموات میں دن بدن اضافہ ہونے لگا ہے ، مہلک وائرس مزید 105 افراد کی جان لے گیا جس کے بعد وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہزار 229 ہوگئی ، 24 گھنٹے میں وبا کے 5 ہزار 312 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز وبا کے 54 ہزار 948 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 24 گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 66 فیصد رہی ۔
دوسری جانب ملک بھر میں ویکسی نیشن سینٹرز جمعہ کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔