کورونا کی تیسری لہر نے قہر ڈھادیا،مزید 100 افراد جاں بحق،5139 نئے کیس

اسلام آباد: کورونا کی تیسری لہر قہر ڈھانے لگی ہے۔مزید 100 زندگیوں کے چراغ گل ہوگئے۔ 24گھنٹے میں کورونا کے 5 ہزار139 نئےکیسز رپورٹ ہوئے۔مثبت کیسز کی شرح 10.47 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 49 ہزار 069 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مثبت کیسز کی شرح10.47 فیصد رہی۔

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد 7 لاکھ 10 ہزار 829 جبکہ ایکٹو کیسز 73 ہزار 078 ہیں۔ اس مرض سے 6 لاکھ 27 ہزار 561 شہری مکمل طور پر صحتیاب بھی ہو چکے ہیں جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 329 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ پنجاب ہے جہاں اب تک اس موذی مرض کے ہاتھوں 6 ہزار 908 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 523 ہو چکی ہے۔

عالمی وبا سے متاثر ہونے والے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 586، اسلام آباد 601، گلگت بلتستان 103، بلوچستان 213 جبکہ آزاد جموں وکشمیر کے 395 شہری موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں 14 ہزار 260، بلوچستان میں 20 ہزار 178، گلگت بلتستان میں 5 ہزار103، اسلام آباد میں 64 ہزار 902، خیبر پختونخوا میں 97 ہزار 318، پنجاب میں 2 لاکھ 45 ہزار 923 جبکہ سندھ میں 2 لاکھ 68 ہزار 284 کنفرم کیسز ہو چکے ہیں۔

ایکٹو کیسز کے معاملے پر بھی صوبہ پنجاب سب سے اوپر ہے۔ این سی او سی کے مطابق یہاں فعال کیسز 38 ہزار 780 تک جا پہنچے ہیں جبکہ سندھ میں اس وقت صرف 6 ہزار 168 ایکٹو کیسز ہیں۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 12 ہزار 253، اسلام آباد میں 13 ہزار 063، گلگت بلتستان میں 88، بلوچستان میں 643 اور آزاد کشمیر میں فعال کیسز کی تعداد 2 ہزار 083 ہے۔