لاہور: رمضان مبارک میں غریب عوام کو سستی اشیائے خور و نوش فراہم کرنے کیلئے تحریک انصاف کی حکومت نے ملک بھر میں سستے رمضان بازار لگا دیئے ہیں لیکن کہیں سہولیات کی شکایت ، تو کہیں قیمتوں اور معیار سے شہری غیر مطمئن ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں 3 سو سے زائد سستے رمضان بازار قائم ہیں جہاں دس کلو آٹا خریدنے کے لیے شناختی کارڈ دکھانا لازمی قرار دیا گیا ہے ، شہری اس شرط پر حیرت کا اظہار کرتے دکھائی دئیے ۔
فیصل آباد کے سستے رمضان بازاروں میں چینی ، دالیں اور کوکنگ آئل موجود نہیں ، شہری اشیائے خور و نوش اوپن مارکیٹ سے منگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں ۔
ملتان میں قائم 11 سستے رمضان بازاروں میں اشیائے ضرورت کی قیمتوں سے شہری مطمئن لیکن حکومت سے اشیاء کا معیار بہتر بنانے کا مطالبہ کر دیا ۔
پشاور کے یوٹیلٹی سٹورز پر سپلائی کم ہونے کی شکایات ہیں جس کے باعث لوگ سرکاری نرخوں پر رمضان کیلئے خریداری کرنے سے محروم ہیں ، عوام کا کہنا ہے کہ بازار میں اشیائے ضرورت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ملک میں ایک ہی دن رمضان اور ایک ہی دن عید کا اعلان کریں گے ، رویت پر اتفاق کے لئے اجلاس پشاور میں بلایا گیا ہے ۔