بیجنگ: آن لائن شاپنگ کمپنی علی بابا کو انسداد اجارہ داری قوانین کی خلاف ورزی پر دو ارب 75 کروڑ ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی ریگولیٹرز نے علی بابا کو انسداد اجارہ داری قوانین کی خلاف ورزی اور مارکیٹ پر بالادستی کا ناجائز فائدہ اٹھانے پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ چین میں علی بابا کے خلاف تحقیقات کا آغاز گزشتہ سال دسمبر میں شروع کیا گیا تھا ۔ جرمانے کی یہ رقم علی باباکی طرف سے 2019 میں اکٹھے کیے جانے والی آمدنی کا چار فیصد بنتی ہے۔
واضح رہے کہ چند سال قبل چینی کمپنی علی بابا نے سنگل ڈے کے موقع پر ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے محض 13 گھنٹوں کے دوران 18 ارب ڈالر (پاکستانی 18 کھرب سے زائد) کی کمائی کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
دو ہزار سترہ میں چین کے سب سے بڑے سالانہ آن لائن شاپنگ تہوارسنگلز ڈے کا آغاز ہوتے ہی پہلے روز3 منٹ میں 1.51 بلین ڈالر مالیت کی اشیاء فروخت ہوئیں۔ علی بابا نے پہلے گھنٹے میں 8.6بلین ڈالر مالیت کی اشیاء آن لائن فروخت کرکے نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
سنگلز ڈے چین کے نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہوتا تہوار ہے جس میں اکیلے یا کنوارے پن کی خوشی منائی جاتی ہے۔،اس تہوار کا آغاز 1993 میں نانجنگ یونویرسٹی سے ہوا تھا جس کے بعد 90 کی دہائی میں یہ اس صوبے کی متعدد یونیورسٹیوں میں منائے جانے لگا۔
2009 میں علی بابا نے اس تہوار کو کاروباری موقع سمجھا اور اسے غیر سرکاری تعطیل کی شکل دے کر آن لائن اشیاء سستے داموں فروخت کرنا شروع کیا۔علی بابا چین کی سب سے بڑی آن لائن شاپنگ ہونے کے ناطے اندرون اور بیرون ملک صارفین تک رسائی حاصل کرنے کی کو کوشش کر رہی ہے جس کی وجہ سے اس کی غیر ملکی برانڈ کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور چین کے باہر خریداروں کی تعداد بھی عالمی سطح پر پہنچ چکی ہے۔