لاہور : پاکستان اور دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف ریلیاں، سیمینارز اور تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف آواز اٹھائی جا سکے۔
آج صبح 10 بجے پورے پاکستان اور آزاد کشمیر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، تاکہ کشمیریوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف خطاب کریں گے، جس میں وہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کو اجاگر کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کے ہر شہر، گلی اور کوچے میں کشمیر کی آزادی کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔ اس دن کو منانے کا مقصد بھارتی جبر کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
پاکستان کے علاوہ، دنیا بھر میں امریکا، یورپ، مشرق وسطیٰ اور آسٹریلیا میں بھی کشمیریوں کی حمایت میں مظاہرے کیے جائیں گے اور بھارتی قبضے کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان حکومت نے آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ قوم اس دن کی اہمیت کو سمجھ سکے اور کشمیریوں کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اظہار کر سکے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستانی قیادت کے حق میں پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں، جن پر وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی تصاویر شامل ہیں، جو کشمیری عوام کی حمایت کی علامت ہیں۔
تبصرے بند ہیں.