الحمراء آرٹس کونسل میں 8 واں سالانہ ویمن آف دی ورلڈ فیسٹیول پاکستان کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔اس فیسٹیول کی میزبانی برٹش کونسل کر رہی ہے۔لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں یہ فیسٹیول یکم سے 2 فروری تک جاری رہے گا۔اس پْروقار ایونٹ سے قبل ایک پریس بریفنگ میں میڈیا کے ذریعے تمام تفصیلات کو شائقین ادب و ثقافت کے سامنے پیش کر دیا گیا۔چیئرمین الحمراء رضی احمد اور ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء توقیر حیدر کاظمی فیسٹیول انتظامیہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اہم سہولیات کی فراہمی کے لئے متحرک نظر آتے ہیں۔
الحمراء آرٹس کونسل لاہور میں ہونے والے اس رنگارنگ میلے کی میزبانی برٹش کونسل کے ساتھ ساتھWOW فاؤنڈیشن، UNFP اور انٹرپرینیورشپ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (ECDI) بھی شامل ہیں۔ لاہور میں WOW فاؤنڈیشن کے بانی اور سی ای او جوڈ کیلی اور برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیپسن نے ایونٹ کے انعقاد پر بہت پْرجوش نظر آتے ہیں۔ ان اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیسٹیول کا مقصد زندگی کے مختلف شعبوں میں خواتین کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا، خواتین کو درپیش چیلنجز اورمتعلقہ امور پر بات چیت کرنا اور مسائل کے حل کے لیے مکالمے کی روایت کو فروغ دینا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیسٹیول میں ہر عمر خواتین، بچیوں اور فیملیز کو ان کی دلچسپی کی منفرد اور جامع سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کو موقع فراہم کیا جائے گا، ایونٹ میں پاکستانی طرزِ زندگی اور ماحولیاتی شعور کے امتزاج کے جائزے پر مشتمل برٹش کونسل کی سسٹین ایبل فیشن رپورٹ بھی پیش کی جائے گی، جبکہ اریب اظہر کی موسیقی، سوہائے علی ابڑو کے رقص اور عطیہ داؤد اور زنبیل کی شعر وادب کی پرفارمنسز کے علاوہ فیملیزاور بچوں کے لیے خالد انعم کے انٹرایکٹو پاپ اپ، اور مصورہ صومیہ جیلانی کی پینٹنگز کی نمائش بھی کی جائے گی۔ ایونٹ میں ڈیسٹی نیشن میڈیا کی خواتین کے فنون لطیفہ میں کردار پر ایک مسحور کن فلم کی نمائش بھی کی جائے گی، مجموعی طور پراس WOWفیسٹیول کے ذریعے زندگی کے مختلف کرداروں میں خواتین کے کردار کو سراہنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی نو عمر خواتین کو بااختیار بنانے کی حمایت کاپیغام دیا جائے گا۔ اس حوالے سےWOW فاؤنڈیشن کی بانی اور سی ای او جوڈ کیلی کا کہنا ہے کہ برٹش کونسل کی باصلاحیت ٹیم کی بھرپور محنت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ WOW پاکستان جوش وجذبے سے بھرپور ایک خوبصورت اور یادگار ایونٹ ہو، کیونکہ یہ میلہ خواتین کی دلیری اور جرأت مندی کی حمایت کرتا ہے، اور یہ بھی سمجھتا ہے کہ حقیقی اور پائیدار تبدیلی فوری نہیں بلکہ رفتہ رفتہ آتی ہے، فیسٹیول ہر ایک کی سہولت کا خیال رکھا گیا ہے، بالخصوص خصوصی افراد کے لیے اشاروں کی زبان کے ذریعے ترجمانی، بریل ریسورسز، وہیل چیئر کے لیے ریمپس اورعلیحدہ سے مختص گزرگاہیں شامل ہیں،اس سال کا تھیم ’’سرخاب‘‘ رکھا گیا ہے جو خواتین کی فطری قدر اور استقامت کی نمائندگی کرتا ہے۔ WOW فیسٹیول کے ذریعے برٹش کونسل خواتین کے لیے ایسے پلیٹ فارمز مہیا کرتی ہے جہاں وہ اپنے مسائل کو بیان کر سکیں، سسٹم کی رکاوٹوں کو چیلنج کر سکیں اور اپنی کامیابیوں پر فخر محسوس کر سکیں۔
میری نظر میں ویمن آف دی ورلڈفیسٹیول پاکستان 2025 ء خواتین کی کامیابیوں کے اعتراف کا میلہ ہے،اس فیسٹیول میں نئی دْنیا کے نئے چیلنجز کا احاطہ کیا جائے گا۔مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لئے جامع اور مربوط حکمت عملی پر بحث و مباحثے ہونگے۔پسماندہ طبقات کو سسٹم کا حصہ بننے میں ان کی مدد کرنا،مثبت تبدیلیوں کے اس دور میں خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔فیسٹیول میں زندگی کے ہر شعبہ سے کارکن،آرٹسٹ، مصنفین، مندوبین، چینج میکر کی بااثرآواز یں سننے کا موقع میسر آئے۔فیسٹیول میں ورکشاپس،ماسٹر کلاس،مختلف پرفارمنس پیش کی جائیں گی، فلمیں دیکھائی جائیں گی، پینل ڈسکشن،مکالمے کی نشستوں میں صنفی مساوات اور خواتین کے مسائل کے حل تلاش کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ فوڈز سٹالز ہونگے۔
برٹش کونسل پاکستان کے زیر اہتمام یہ فیسٹیول یکم فروری سے شروع ہوگا جو دو فروری تک جاری رہے گا۔یہ فیسٹیول اس بار ’’سرخاب‘‘ تھیم کے تحت منایا جا رہا ہے۔یہ تھیم اپنے آپ میں بہت دلچسپ اور توجہ طلب ہے۔پرندے ’’سرخاب‘‘ کا شمار اپنے رنگین پروں کی بدولت خوبصورت ترین پرندوں میں ہوتا ہے جو اپنی آواز اور رقص بھی منفرد ہے۔اْردو ادب میں اسی پرندے کے ’’پر‘‘ بارے کہا جاتا ہے کہ ’’اسے کونسا سرخاب کا پر لگا ہوا ہے‘‘یہ ایک ضرب المثل کی شکل اختیار کر چکا ہے۔اْونچے درختوں پر بسرا کرنے والے اس پرندے ’’سرخاب‘‘ کا لفظ فارسی زبان سے ماخوذ ہے جس کامطلب ’’سرخ رنگ میں ڈوبا ہوا ہے‘‘۔
تبصرے بند ہیں.