مریم نواز نے پاکستان کی پہلی ای وی بس سروس کا افتتاح کر دیا

120

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پاکستان کی پہلی مکمل الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ای وی بس میں سواری بھی کی اور اس کا تفصیلی معائنہ کیا۔

 

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے انہیں بس کی جدید سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا، جن میں جی پی ایس لوکیشن، وائی فائی، یو پی ایس پورٹس اور دیگر جدید سہولتیں شامل ہیں۔ اس بس میں 30 سیٹیں اور 80 مسافروں کی گنجائش ہو گی، اور خصوصی افراد کے لیے مخصوص سیٹیں اور ریمپ بھی موجود ہوں گے۔

 

ای وی بس میں مسافروں کی حفاظت کے لیے اینٹی سلپ شیٹس کا استعمال کیا گیا ہے اور خواتین کے لیے الگ فی میل سیکشن بھی مخصوص کیا گیا ہے۔ لاہور کے مختلف اہم روٹس پر 27 ای وی بسیں چلیں گی اور ان کی سہولت کے لیے 42 بس شیلٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ بسوں کی آمد ہر 9 منٹ بعد ہو گی، اور ایک بار چارج ہونے پر بس 250 کلومیٹر کا سفر طے کر سکے گی۔

 

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ای وی بسوں کے لیے ایک مخصوص ایپ کا بھی ذکر کیا جس کے ذریعے بس کی ٹریکنگ کی جا سکے گی، اور کرایہ ڈیجیٹل والٹ یا کارڈ کے ذریعے ادا کیا جا سکے گا۔ انہوں نے اس منصوبے کے حوالے سے مزید اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی، جیسے کہ سولر فین اور واٹر کولرز کی تنصیب، اور بس سٹینڈز پر سیف سٹی کیمروں کا انتظام۔

 

مریم نواز نے اجلاس کے دوران ای ٹیکسی پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا اور الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے مزید اقدامات کی ہدایت دی۔

تبصرے بند ہیں.