اسلام آباد: ملک کے کئی شہروں میں رات کے وقت بارش کا آغاز ہو گیا، جس سے سردی بڑھ گئی ہے۔
کوہاٹ اور کاٹلنگ میں بارش کے بعد درجہ حرارت مزید کم ہو گیا، جبکہ مردان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ لوئر دیر میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جنوری سے یکم فروری کے دوران نیا بارش برسانے والا سسٹم ملک میں داخل ہوگا، جس کے باعث مری، گلیات اور گردونواح میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ اسی دوران راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود اور سرد رہے گا، جبکہ دیر، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، سوات اور کوہاٹ سمیت کئی اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں شدید ٹھنڈ متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل چھائے رہنے کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.